ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک اسمبلی انتخابات: وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے بیچ ٹویٹر پرچل پڑا زبانی جنگ کا سلسلہ

کرناٹک اسمبلی انتخابات: وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ سدارامیا کے بیچ ٹویٹر پرچل پڑا زبانی جنگ کا سلسلہ

Thu, 03 May 2018 13:56:12    S.O. News Service

بنگلورو 3؍مئی (ایس او نیوز) کرناٹکا اسمبلی الیکشن کی تشہیری مہم کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد اور ان کے خطاب کے بعد وزیر اعلیٰ سدارامیا اور وزیر اعظم کے درمیان ٹویٹر پر زبانی جنگ کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔

پچھلے دنوں کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اپنے کرناٹکا دورے کے موقع پر وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں بحث شروع ہوگئی تو وزیر اعظم پندرہ منٹ کے لئے بھی ٹھہر نہیں سکیں گے۔ اس پس منظر میں اڈپی میں اپنے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندرمودی نے راہل کو چیلنج کیا کہ کانگریس سرکار کی ترقی اور کامیابی کے تعلق سے اپنی پسند کی کسی بھی زبان میں صرف پندرہ منٹ بغیر کسی پرچی کو دیکھے ہوئے تقریر کرکے دکھائیں۔اس کے علاوہ وزیر اعظم نے راہل کو سر ایم وسویسوریاکے نام کا تلفظ صحیح طریقے سے اداکرکے دکھانے کا بھی چیلنج کیا تھا۔

اس کے جواب میں وزیر اعلیٰ سدارامیا کی طرف سے ٹویٹر پر جوابی حملے تیز ہوگئے۔ سدارامیا نے وزیر اعظم کو چیلنج کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ وہ بی ایس ایڈی یورپا حکومت کی کامیابیوں اور ترقیوں کے تعلق سے پرچی کو دیکھ کر  پیش کرکے   سنائیں۔ایک او ر ٹویٹ میں سدارامیا نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے لکھا:’’مودی جی آپ دیوے گوڈا کی عزت وتکریم کرنے کا مشور ہ مفت میں بانٹ رہے ہیں۔ ہم سب کو معلوم ہے کہ آپ اپنے مربی (مینٹر) ایل کے ایڈوانی کا کتنا احترام کرتے ہیں۔ اور 2014میں آپ نے دیوے گوڈا کی کتنی عزت کی تھی۔ ‘‘ پھر ایڈی یورپا اور مودی کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے پوچھا:’’ اس 75سالہ بزرگ شخص کی تھوڑی سی عزت کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے جو آپ کے سامنے اس حد تک جھکا جارہا ہے!‘‘

سدارامیا کی طرف سے ایک اور ٹویٹ کیا گیا جو اس طرح ہے:’’ وزیر اعظم کے دل میں اچانک ایچ ڈی دیوے گوڈا کے لئے پیار امڈ پڑا ہے۔ یہ کوئی بہت پرانی بات نہیں ہے ،جب شری مودی نے کہا تھا کہ شری دیوے گوڈا کووہ ریٹائرمنٹ ہوم میں بھیج دیں گے ۔کیا یہ نئی الفت بی جے پی اور جے ڈی ایس کے اس خفیہ سمجھوتے کی علامت نہیں ہے ، جو کہ اب کوئی راز نہیں رہا ہے؟‘‘

اس کے جواب میں بی جے پی نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کی ہے جس میں ریاست کے اندر جرائم کی بڑھتی ہوئی تعدادکا عکس دکھایا گیا ہے۔ٹویٹ میں لکھا ہے :’’ وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ کرناٹکا کے اندر جرائم میں ’خلاف معمول‘ (ابنارمل) اضافہ نہیں ہوا ہے۔جبکہ سدرامیا  حکومت کے دوران عصمت دری میں 188%، جنسی ہراسانی کے معاملات میں 53%، ایس سی ،ایس ٹی مظالم قانون کے تحت43%معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ مسٹر چیف منسٹر کیا  یہ خلاف معمول اضافہ نہیں ہے؟ اگر نہیں ہے تو پھر ہمیں آپ کی ’خلاف معمول‘ کی تعریف کے تعلق سے خوف محسوس ہورہا ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اڈپی میں خطاب کے دوران ’فصل بیمہ یوجنا‘ کی بات کرتے ہوئے مرکز کی طرف سے ریاست کو دئے گئے تعاون کی بات کہی تھی۔ سدارامیا نے اس کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا:’’ جناب! حکومت کرناٹکا نے’ وزیر اعظم فصل بیمہ یوجنا‘کے ضمن میں 50%حصہ اپنی طرف سے بھی اداکیا ہے۔پورے ملک میں ہماری ہی حکومت ایسی ہے جس نے آئی ٹی کو ہدایت دی ہے کہ انشورنس کی رقم کو براہ راست کسانوں  کے کھاتے میں منتقل کرے۔ ذرا اپنا دل بڑا رکھیں اور کسی بھی چیز کاسہرا اپنے سر لیتے وقت دوسرے کا حصہ دینا نہ بھولیں۔‘‘

اس طرح اسٹیج پر تقریروں کے ساتھ ساتھ ٹویٹر پر زبانی جنگ کا سلسلہ آئندہ مزید کچھ دنوں کے لئے چلے گا اور دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی جان توڑ کوشش کریں گی۔


Share: